اس صدی میں عمران اور طیب اردگان ہی لیڈر ہیں-بشریٰ بی بی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ قوم کو اب ایسا لیڈر ملا ہے جس کے دل میں کوئی لالچ نہیں ہے۔ قائداعظم کے بعد اس صدی میں عمران خان اور اردگان بس دو ہی لیڈر ہیں، عمران خان سے شادی کے بعد ہم دونوں کی زندگی بدل گئی، شادی کے بعد پتا چلا کہ صرف عبادت کافی نہیں لوگوں کی خدمت بھی ضروری ہے، ملک میں خوشحالی آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے مگر آئے گی ضرور اور عمران خان ہی لے کر آئیں گے۔نجی ٹی وی کو اپنے پہلے انٹرویو میں خاتون اول بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں اسلام آباد سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، میری شادی بہت جلد ہوگئی تھی، رب نے مجھے مہارانی کی طرح رکھا، زندگی میں سیکھا عبادت بہت ضروری ہے، میری ساری زندگی جائے نماز پر گزری۔بشریٰ بی بی نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ایک دوسرے کی وجہ سے ہمارے اندر تبدیلی آئی، عمران خان کتے کو پیار کرتے ہیں، اس کی دیکھ بھال میں کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت سادہ انسان ہیں انہیں کسی چیز کی لالچ نہیں، کوئی لیڈر ایسا ہوگا جس کے پاس صرف دوتین سوٹ ہوں؟ کپڑوں کے معاملے میں بے پروا ہیں، کھانے پینے میں کوئی نخرے نہیں، انہیں چکن زیادہ پسند ہے، کسی چیز کی لالچ نہیں، جس کی ایسی شخصیت ہو وہ کامیاب انسان ہوتا ہے۔بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ سیاستدان اور لیڈرمیں فرق ہوتا ہے۔عمران کے پاس جادو کی چھڑی نہیں، تبدیلی آنے میں تھوڑا وقت لگے گا، وہ محنت پاکستانی عوام کیلئے کررہے ہیں، پاکستان کی تقدیرعمران خان ہی بدلیں گے، پاکستان کو خان صاحب ہی اوپر اٹھائیں گے، لگتا ہے اللہ نے یہ لکھ دیا ہے۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان کو سیاستدان نہیں کہا جاسکتا، اللہ نے ہدایت کا وقت مقرر کر رکھا ہے، اب ان کی زندگی اللہ اوررسول ﷺ کی محبت میں ہے۔بشریٰ بی بی نے بتایا کہ ایک دن میں لان میں ٹہل رہی تھی تو میں نے دیکھا کہ عمران خان کے چہرے پر تکلیف کے آثار تھے، میں نے ان سے وجہ دریافت کی تو انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے بارشیں نہیں ہوئی، لان کے پودے دیکھیں کتنے خشک ہورہے ہیں، دعا کریں بارش ہوجائے، پھر ہم دونوں نے لان میں کھڑے ہوکر کافی دیر تک درود و شریف پڑھا۔خاتون اول نے کہا کہ میری پہچان میرا پردہ ہے، ہر پیر کو روزہ رکھتی ہوں، گھر سے نکلی توعدت پوری کرکے نکلی تھی، پردے کا تعلق میری ذات اور رب سے ہے، سراہا نہیں جاسکتا تو پردے کے معاملے پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجھےکبھی خواب میں نبی کریمﷺ کی زیارت نہیں ہوئی اور نہ ہی یہ کہا گیا کہ خان صاحب سے شادی کرلوں۔