خام تیل انتہائی مضر صحت-انسانیت کے دشمن کروڑ پتی پن گئے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) خام تیل انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر صحت ہے، جسے مہنگے داموں مارکیٹوں میں بیچا جا رہا ہے، مذموم دھندا کرنے والے انسانیت کے دشمن کروڑ پتی پن گئے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ منظم مافیا نہ صرف خوردنی تیل کی چوری میں ملوث ہے، بلکہ ٹرک ڈرائیورز سے چوری کی گندم، سیمنٹ اور دوسری چیزیں بھی خریدتا ہے، جبکہ جن کمپنیوں کا مال چوری ہوتا ہے، انہیں کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے، لیکن ملی بھگت کی وجہ سے مالکان تک بات نہیں پہنچ پاتی۔ پولیس کے مطابق سابق ایس ایس ملیر منیر شیخ کے دور میں مذکورہ گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرکے گوداموں سے کئی ہزار لیٹر تیل برآمد کیا گیا تھا، ڈرائیوروں نے اپنے اعتراف بیان میں بتایا تھا کہ تیل بھرنے اور اتارنے والی فیکٹری کے کانٹے والوں سے ملی بھگت ہوتی ہے۔ ڈرائیوروں کی جانب سے راستے میں چوری کرکے تیل بیچنے کی وجہ سے لاعلم مالکان کو لاکھوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ڈرائیورز کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر ریفائن کوکنگ آئل مضر صحت ہوتا ہے۔