نجی اسپتال میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو لوٹ لیا گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا کے نجی اسپتال سے 5مسلح ڈکیت لاکھوں نقدی، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور ڈی وی آر سمیت دیگر سامان لوٹ کر لے گئے، ملزمان نے 10سے 15منٹ تک اسپتال میں آزادانہ لوٹ مار کے دوران عملے اور گارڈ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں اور ڈاکٹرز سے بھی لوٹ مار کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 9میں واقع پلاٹ نمبر ایس ٹی 2/ڈی پر قائم نجی اسپتال میں 5مسلح ڈکیت داخل ہوئے اور سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر عملے کو یرغمال بنالیا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے اسپتال کے کاؤنٹرز پر رکھی نقدی چھین لی اور اسٹاف و گارڈ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اس دوران ملزمان نے اسپتال میں موجود مریضوں، انکے تیمارداروں و ڈاکٹرز سے بھی لوٹ مار کی اور سی سی ٹی وی کیمرے کے روم میں داخل ہوئے اور وہاں رکھی ڈھائی لاکھ نقدی، سی سی ٹی وی کا ریکارڈنگ سسٹم ڈی وی آر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ ڈاکو 10سے 15منٹ تک اسپتال میں لوٹ مار کرتے رہے، انہوں نے گارڈ اور عملے کو ایمرجنسی روم میں بند کردیا، ملزمان فرار ہوتے ہوئے گارڈ کا اسلحہ قریب واقع مسجد کے سامنے پھینک کر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس و رینجرز حکام پہنچ گئے اور شواہد جمع کرکے بیانات قلمبند کئے۔ اسپتال عملے کے مطابق صبح ساڑھے 4بجے اسپتال میں 5مسلح ڈاکو داخل ہوئے،جبکہ 2اسپتال کے باہر کھڑے رہے 2ملزمان نے پی کیپ پہن رکھی تھی جبکہ تمام ڈکیت شلوار قمیض پہنے ہوئے تھے اور واردات کے بعد ملزمان گاڑی میں فرار ہو گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More