کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملیرمیں منظم گروہ خوردنی تیل اور ڈیزل سپلائی کرنے والےٹینکر ڈرائیورز کی ملی بھگت سے یومیہ لاکھوں کاخوردنی تیل اور ڈیزل چوری کرنے لگا مذکورہ گروہ کے کارندے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہیں، تیل چور مافیا کے کارندوں نے شاہ لطیف، بن قاسم اور سکھن میں ڈمپنگ پوائنٹ بنا رکھے ہیں، جہاں سے شہر کے مختلف علاقوں میں سوزوکی و شہزور سمیت دیگر گاڑیوں کے ذریعے کوکنگ آئل اور ڈیزل سپلائی کیا جاتا ہے، جبکہ گروہ کے کئی کارندے گرفتار بھی ہوچکے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کیخلاف درج مقدمات میں ہلکی دفعات لگانے سے ملزمان کو عدالت سے ریلیف مل جاتا ہے، مافیا کارندے باہر آکر پولیس کی سرپرستی میں دوبارہ دھندا شروع کردیتے ہیں۔ امت کو دستیاب معلومات کے مطابق سکھن، بن قاسم اور شاہ لطیف تھانے کے علاقے میں کئی سال سے منظم گروہ کے کارندے کراچی سے دیگر صوبوں کو خوردنی تیل اور ڈیزل سپلائی کرنے والے ٹینکر ڈرائیورز کی ملی بھگت سے یومیہ ہزاروں لیٹر کوکنگ آئل و ڈیزل چوری کررہے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تیل مافیا کے کارندے کوکنگ آئل چوری کیلئے گھی کا 20 کلو والا کنستر اور ڈیزل کیلئے 40 لیٹر کا گیلن استعمال کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مافیا کارندے ایک وقت میں ایک ٹینکر سے ایک ٹن تک کوکنگ آئل جبکہ ڈیزل سپلائی کرنے والے ٹینکرز سے 400 لیٹرز ڈیزل چوری کرکے نکالتے ہیں، تیل مافیا ٹینکر ڈرائیوروں کو ایڈوانس میں رقم بھی دیتے ہیں تاکہ کسی اور گروہ کو ڈیزل یا کوکنگ آئل نہ دیا جائے، مذکورہ مقام سے کوکنگ آئل اور ڈیزل چوری کرنے کے بعد محفوظ مقامات پر قائم ڈمپنگ پوائنٹس میں 200 لیٹر کے ڈرموں میں رکھا جاتا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شاہ لطیف تھانے کی حدود در محمد گوٹھ مین نیشنل ہائی وے نزد 7 اسٹار شیرا ہوٹل کے اطراف میں سر عام ٹینکرز سے خوردنی تیل منظم طریقے سے چوری کیا جاتا ہے، جبکہ مسروقہ کوکنگ آئل خریدنے والوں میں سرفراز، سمیع، بلال اور دیگر افراد شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم سے مختلف کمپنیوں کا خوردنی تیل لیکر جانیوالے ٹینکر ڈرائیور منظم طریقے سے تیل بیچنے رہے ہیں، ٹینکر ڈرائیورز مافیا کو 60 روپے فی لیٹر تیل بیچتے ہیں، جسے خریدنے والی مافیا اسے مارکیٹ میں مہنگے داموں بیچتی ہے، تیل چوری کا منظم دھندا یومیہ بھتے کے عوض مقامی پولیس کی زیر سر پرستی چل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مافیاکارندوں نے مین نیشنل ہائی وے پر دکانیں کرائے پر لے رکھی ہیں، جہاں مسروقہ تیل کو عارضی طور پر ذخیرہ کیا جاتا ہے، جبکہ مذکورہ مقام سے چوری شدہ تیل شاہ لطیف، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، رزاق آباد، بھینس کالونی، قائد آباد، ملیر اور نیشنل ہائی وے پر قائم نجی ہوٹلوں اور کمپنی کنٹینوں کے ٹھیکیداروں کو بھی فروخت کیا جا تا ہے۔