3 سال کےدوران سیاحوں کی پاکستان آمدمیں 100فیصد اضافہ

0

راولپنڈی(ناصر عباسی)امن وامان کی صورتحال بہترہونےکی بدولت گزشتہ تین برسوں کےدوران غیرملکی سیاحوں کی آمدمیں 100فیصدسےزائداضافہ ہواہے،جبکہ مقامی سیاحت میں تقریباً 18فیصد اضافہ دیکھنے کوملا ہے۔ملکی اورغیرملکی سیاحوں کی توجہ کامرکز قدرتی حسن سےمالامال ملک کےشمالی علاقےرہےاور2018کےپہلے9 ماہ کے دوران تقریباً 65فیصد سیاحوں نےگلگت بلتستان، وادئ کاغان، ایبٹ آباد، سوات، کالام،چترال،مری اور دیگر پہاڑی سیاحتی مقامات کی سیرکی۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کےاعدادوشمار کےمطابق سال 2017 میں پاکستان کا سفر کرنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد24 لاکھ 76ہزاررہی جو2015کےدوران پاکستان آنےوالے 12لاکھ47ہزارغیرملکی سیاحوں کے مقابلےمیں دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔اسی طرح رواں برس کےپہلے9 ماہ میں ڈیڑھ کروڑسےزائدپاکستانیوں نے ملک کے مختلف علاقوں کی سیر کی،جبکہ سال 2015میں ملکی سیاحتی مقامات کی سیرکرنے والےپاکستانیوں کی تعداد12لاکھ 76 ہزاررہی تھی۔پی ٹی ڈی سی کےمطابق ملک کی عمومی سکیورٹی صورت حال بہتر ہونےسےسیاحت کےشعبےنےتیزی سے ترقی کی ہےاورسب سےزیادہ اضافہ غیرملکی سیاحت میں دیکھنےمیں آیاہے۔ ملک میں دہشت گردی کی لہرکے سبب پاکستان کی سیرکوآنےوالےغیرملکی سیاحوں کی تعداد2010میں 9لاکھ سےزائدتھی، جوکم ہوکر2013 میں ساڑھےپانچ لاکھ رہ گئی تھی۔تاہم 2014میں سکیورٹی صورت حال بہترہونے کےبعداس تعدادمیں ایک مرتبہ پھرتیزی آئی اورپاکستان کی سیرکرنے والےغیرملکی سیاحوں کی تعداد ساڑھے9 لاکھ سے تجاوزکرگئی۔ 2015میں یہ تعداد بڑھ کرساڑھے 12 لاکھ ہو گئی، 2016میں ساڑھے 17 لاکھ غیر ملکی سیاح آئے، جبکہ 2017غیر ملکی سیاحوں کی آمد کے حوالے سے بہترین سال رہا جب 24لاکھ 76ہزار غیر ملکیوں نے پاکستان کی سیر کی۔ تاہم پی ٹی ٹی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت سیاحت کے شعبے کی مناسب سرپرستی کرے اور سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کرے تو شعبہ کہیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ سکیورٹی صورت حال میں بہتری کے باعث گزشتہ تین برس کے دوران ہر سال مقامی سیاحوں کی تعداد میں لاکھوں سیاحوں کا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جو کہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ 2015میں مقامی سیاحوں کی کل تعداد ایک کروڑ27لاکھ 60ہزار رہی، 2016میں یہ تعداد ایک کروڑ 32لاکھ80ہزار رہی، 2017میں یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ47لاکھ 50ہزار کو پہنچ گئی، جبکہ رواں برس کے پہلے 9ماہ میں اس تعداد میں اڑھائی لاکھ سے زائدسیاحوں کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More