سیلابی ریلے کی پیشگی اطلاع بارے پاکستانی مطالبہ مسترد
اسلام آباد(امت نیوز)بھارت نے سیلابی ریلے کی پیشگی اطلاع دینے کاپاکستانی مطالبہ مسترد کردیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت نے اصرار کیا ہے کہ پاکستانی حکام کو اطلاع اس وقت دی جائے گی جب پانی سر پر پہنچ چکا ہوگا۔بھارت نے دریائے چناب میں سیلابی ریلے کی 8 گھنٹے پہلے اطلاع دینے سے صاف انکار کردیا۔بھارت نے موقف اختیار کیا کہ سیلاب کی اطلاع اکھنور سے دی جائے گی جبکہ پاکستان نے مطالبہ کیا تھا کہ سیلاب کی اطلاع اکھنور کے بجائے سلال کے مقام سے دی جائے ۔میٹرولوجی حکام کے مطابق اکھنور پاکستان کے انتہائی قریب ہے ،اطلاع ملنے تک سیلابی پانی پاکستان پہنچ جاتا ہےجبکہ سلال سے سیلابی ریلہ پاکستان پہنچنے میں 8سے 9گھنٹے لگ جاتے ہیں،جس کی بناپر صورتحال سے نمٹنے کا موقع مل سکتا ہے۔بھارت نے پاکستان کا یہ جائز مطالبہ ماننے سے بھی صاف انکار کردیا ہے اور اصرار کیا کہ خواہ کچھ بھی سیلابی ریلے کی اطلاع اکھنور کے مقام سے ہی دی جائے گی ۔دریں اثناپاکستانی حکام کاکہناہے کہ فی الحال سیلاب کاخطرہ نہیں تاہم متعلقہ ادارے چوکس ہیں۔