کویت نے پاکستانیوں پر ویزہ پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دیدیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کویت نے پاکستانی ویزوں پر عائد پابندی اٹھانے کا عندیہ دے دیا۔ جمعہ کو وزیر اعظم ہاؤس میں کویت کے وزیر تجارت خالد نصیر عبداللہ الردان کی قیادت میں وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کویتی وفد پر زور دیا کہ 2011 سے عائد پاکستان پر ویزوں کی پابندی ختم کی جائے اور افرادی قوت بڑھائی جائے۔ اس موقع پر کویتی وفد نے یقین دلایا کہ اگلے ماہ اس معاملے سے پاکستان کو آگاہ کردیاجائے گا۔ علاوہ ازیں کویتی وفد نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بھی اس معاملے کا اٹھایا۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی افرادی قوت پر پابندی دونوں ملکوں کے بہتر تعلقات میں رکاوٹ ہے۔ کویتی وفد نے کہا کہ ویزہ پابندیاں ہٹانے اور افرادی قوت بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائےگا۔