الطاف کیخلاف منی لانڈرنگ کے نئے شواہد بھی برطانیہ پی گیا

0

لندن / کراچی (رپورٹ: توصیف ممتاز/ امت نیوز)الطاف کیخلاف منی لانڈرنگ کےنئے شواہد بھی برطانیہ پی گیا۔ لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس نے بانی متحدہ الطاف حسین کیخلاف پاکستانی حکام کی طرف سے پیش کردہ منی لانڈرنگ سے متعلق نئے ثبوت بھی ناکافی قرار دیئے ہیں۔ پولیس ترجمان نے نمائندہ ”امت“ کو بتایا کہ ایف آئی اےکی طرف سے متحدہ اور الطاف حسین سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں کچھ نئے شواہد فراہم کئے گئے تھے ،جس کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس کے متعلقہ محکمے نے ان کا جائزہ لیا۔ ترجمان نے کہا کہ بغور جائزہ لینے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کیس کو دوبارہ کھولنے کیلئے یہ شواہد ناکافی ہیں۔ واضح رہے کہ الطاف حسین اور دیگر کیخلاف پہلے بھی شواہد ناکافی قرار دے کر یہ مقدمہ 2016 میں ختم کردیا گیا تھا۔ تاہم لندن پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر کبھی نئے شواہد ملے تو وہ ان کی تحقیق ضرور کرے گی اور اگر وہ کارآمد ہوئے تو مقدمہ دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے حوالے سے بھیجی رقم اور بینک ٹرانسفرز کے ثبوت پیش کئے تھے اور اسی طرح کی دیگر دستاویزات برطانوی پولیس کے حوالے کی گئی تھیں تاہم پولیس نے کہا کہ اس طرح کے بہت سے کاغذات پہلے ہی اس کے پاس موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ لندن پولیس کے حکام نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ اب وہ ممکنہ طور پر کسی عینی شاہد کے بطور گواہ کو ہی مدنظر رکھ رہے ہیں تاکہ اگر اسے عدالت میں پیش کیا جائے تو وہ وہاں تمام تر صورتحال اور کاغذات کی تصدیق کرسکے۔واضح رہے کہ لندن پولیس نے ایسے وقت میں الطاف کے خلاف ثبوت ناکافی قرار دئے ہیں جب چند روز قبل برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے سابق سربراہ نے انکشاف کیا تھا کہ برطانوی دفتر خارجہ نے ان پر دبائو ڈال کرروسی سیاستدانوں کیخلاف منی لانڈرنگ کی تفتیش رکوا دی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More