دہشتگردوں کاعلاج کیس میں جے آئی ٹی دستاویزت جمع کرانے کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف دہشت گردوں کو پناہ دینے اور علاج معالجے کی فراہمی سے متعلق کیس میں جے آئی ٹی انچارج کو آئندہ سماعت پرجے آئی ٹی کی تمام دستاویزات جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔ہفتے کے روز سماعت کے موقع پر ملزمان ڈاکٹر عاصم، رؤف صدیقی، انیس قائم خانی،قادر پٹیل و دیگر پیش ہوئے۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب قریشی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمیں جو جے آئی ٹی کی رپورٹ ملی ہے وہ مکمل نہیں اس کے انیکسچر غائب ہیں جبکہ فراہم کی جانے والی گواہوں کی فہرست بھی نامکمل ہے۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے گواہ کا زیر دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ کو گواہوں میں شامل کرنے کی درخواست دائر کی گئی ۔ دوسری جانب سماعت کے موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی نے رؤف صدیقی سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی جبکہ ڈاکٹر عاصم نے رؤف صدیقی کو گلے لگایا اور بات چیت بھی کی ۔