وزیر اعظم کو اخباری اشتہارکے ذریعے نوٹس دینے کی ہدایت
پشاور(امت نیوز)سیشن کورٹ نے وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو ہرجانہ کیس میں اخبار میں اشتہار دے کر نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج شاہ ولی اللہ نے ووٹ بیچنے کے الزام پر فوزیہ بی بی کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ہرجانے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عدالت میں کوئی بھی پیش نہیں ہوسکا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے وزیرِاعظم عمران خان کو اخباری اشتہار کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اشتہار قومی سطح کے اخبار میں شائع کیا جائے۔عمران خان کی جانب سے فوزیہ بی بی پر سینیٹ انتخاب میں ووٹ بیچنے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر سابق رکن صوبائی اسمبلی نے ان پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسلام آباد (نمائندہ امت) شہباز شریف کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے پر عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے اہم دستاویزات کے حصول کیلئے عدالت میں درخواست جمع کروادی ہے ۔ درخواست میں کہا گیاہے کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کو بھجوائے گئے نوٹسز ، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر اداروں میں شہباز شریف کیخلاف زیرالتواء تحقیقات،شہباز شریف کیخلاف درج فوجداری مقدمات ،سانحہ ماڈل ٹاون ،لیپ ٹاپ سکینڈل کا تمام ریکارڈ اور نیب کی جانب سے دیے جانے والے نوٹس کی نقول دی جائیں، سستی روٹی، آشیانہ ہاؤسنگ اور کمپنیز سکینڈل کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔ڈاکٹر بابر اعوان نے درخواست میں کہا ہے کہ میٹروز اور اورنج لائین ٹرین کے حقیقی معاہدوں اور نیب نوٹسز کی نقول ، گزشتہ دس برسوں کے دوران قائم کئے گئے وزیر اعلیٰ ہاوسز کی تفصیلات ، ماڈل ٹاؤن اور جاتی امراء پر قومی خزانے سے کئے جانے والے اخراجات ،جاتی امرا سڑک اور سیکیورٹی حصار کی تعمیر پر اٹھنے والے اخراجات کا ریکارڈ بھی دیا جائے، ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف بہترین شہرت اور ساکھ رکھنے کا بھی دعویٰ کرتے ہیں مذکورہ ریکارڈ شہباز شریف کی حقیقت سمجھنے میں معاون ثابت ہو گا۔