آئی ایم ایف نےبجلی و گیس مزید مہنگی- اداروں کی نجکاری کی تجویز دیدی
اسلام آباد(خبرایجنسیاں) آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ معاشی صورتحال غیر تسلی بخش قراردے دی۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کی بھی تجویز دے دی۔آئی ایم ایف مشن اور حکومت پاکستان کے درمیان مذاکرات میں آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ معاشی صورتحال غیر تسلی بخش قراردے دی۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کا مشورہ دیتے ہوئے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کی بھی تجویز دی ہے۔ آئی ایم ایف مشن اور حکومت پاکستان کے درمیان مذاکرات میں نئے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ اور ضمنی بجٹ سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،مذاکرات 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جمعرات سے جاری ہے جو ایک ہفتہ جاری رہے گا۔ وفد 27 ستمبر کو پاکستان پہنچا اور ایک ہفتہ تک ملک میں قیام کرے گا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ہیرالڈ فنگر کررہے ہیں جبکہ پاکستانی وفد میں سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری اقتصادی امور شامل ہیں۔ آئی ایم ایف وفد کی خزانہ، تجارت، توانائی، پیٹرولیم، سرمایہ کاری اور ایف بی آر حکام سے مذاکرات ہوں گے۔