ایف بی آر صوبوں کا پیسہ کھار ہا ہے- وزیراعلیٰ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے پہلے بھی اس نے صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ اتوار کو آئندہ مالی سال کے باقی 9ماہ کے بجٹ پر ایوان میں جاری بحث کو سمیٹتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے رب پاک شکرگزار ہوں جس نے گزشتہ آٹھ سال میں چھ بار بجٹ پیش کرنے کا اعزاز بخشا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ بحث پر اب تک 101تقاریر ہوئی ہیں،ہمیں اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنا ہوگا۔ تعلیم کے شعبہ میں ایشیائی ترقیاتی بنک کی گرانٹ 1.4بلین کی ہے، اربن ایریاز کیلیے واٹر اسکیمیں رکھی ہیں سندھ کوسٹل کی ایک اسکیم پر بھی بے جا تنقید ہوتی رہی، ہمیں ڈیلٹا بچانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاق کی طرف سے صرف تین ماہ میں 69ارب روپے کم ملے ہیں۔ایف بی آر کو ٹھیک کریں،یہ ادارہ صوبوں کا پیسہ چوری کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر بھی اپنے ٹیکس نہیں دیتا، اپنے اہداف پورے کرنے کے لئے صوبوں کا پیسہ چوری کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک انگریزی خبار میں چھپا ہے کہ 14لاکھ گھر غیر رجسٹرڈ ہے جن پر ایف بی آر نے کاروائی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ پہلے سائبر نائف یہاں سندھ میں قائم ہوا۔ این آئی سی وی ڈی میں زائدتنخواہوں سے متعلق افواہیں چل رہی ہیں، سنی سنائی باتون پر یقین نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سکھر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ این آئی وی سی ڈی مرکز قائم کررہے ہیں۔ہم نے جناح اسپتال میں سائبرنایف بھی قائم کیا جس میں تین فلور پر اوپی ڈی بھی کام کررہا ہے ،اس وقت اٹھارہ آپریشن بھی ہوئے ہیں اس ریجن کا پہلا اسپتال ہے جہاں مفت علاج ہورہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی میں ایمرجنسی کمپلیکس بھی زیر تعمیر ہے جس کے لئے ساڑھے گیارہ ارب روپے کا شارٹ فال ہے وہ بھی ہم پورے کریں گے۔ علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر بچوں کے اغوا کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں انکو دیکھ رہے ہیں جسکے متعلق میں نئے آئی جی سندھ کے آتے ہی میں انکو ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔