عمران اپنا بنی گالہ گھر قانون کے دائرے میں لائیں – سپریم کورٹ

0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بنی گالہ تجاوزات کیس میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے پہلا جرمانہ بھی انہیں کو ادا کرنا ہوگا۔ پیر کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سروے آف پاکستان نے کورنگ نالہ کا سروے کرکے رپورٹ دی ہے، کورنگ نالے پر لوگوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان بطور درخواست گزار عدالت آئے تھے اور آج وزیراعظم ہیں،بنی گالہ تعمیرات کے حوالے سے کیا اقدامات کئے؟ عمران خان کے اپنے گھر کے این او سی کا بھی تنازع تھا، وہ سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے پہلا جرمانہ بھی انہی کو ادا کرنا ہوگا۔عمران خان کے وکیل بابراعوان نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم بنی گالہ کے حوالے سے تین اجلاس منعقد کر چکے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ جمعہ تک آگاہ کریں ،بنی گالہ کے حوالے سے کیا فیصلہ کیا گیا، رواں ہفتے ہی حکم جاری کرکے کیس نمٹا دیں گے۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے زمینوں پر قبضوں کامعاملہ وزیراعظم کوبھجوانے کاعندیہ دیاہے، قبضہ گروپ کے سرغنہ منشا بم کی فوری گرفتاری کاحکم دیتے ہوئے اس کے چاروں بیٹوں سمیت نام ای سی ایل پر ڈالنے کاحکم دے دیا۔عدالت نےمنشابم کی سفارش کرنے والے تحریک انصاف کے 2 رہنماؤں کی معافی نامے قبول کرلیے ،تاہم پی ٹی آئی قیادت کو دونوں کیخلاف انضباطی کارروائی کاحکم دیدیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئے پی ٹی آئی دیکھے اس کے رہنما جرائم پیشہ افراد کی حمایت کرتے ہیں۔ زمین پر قبضوں میں ملوث ملزم منشا بم کی گرفتاری سے متعلق لاہور رجسٹری میں پیرکو سماعت کے دوران انکشاف ہوا تھاکہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر نے پولیس کو منشا بم کو گرفتار نہ کرنے کی درخواست کی تھی ۔اس انکشاف کے بعد چیف جسٹس نے کرامت کھوکھر اور ندیم عباس بارا کو گزشتہ روزسپریم کورٹ اسلام آباد میں طلب کیا۔اس موقع پر کرامت کھوکھر نے کہا مجھ سے غلطی ہوئی، مجھے معافی دی جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ زندگی میں دوبارہ ایسی حرکت مت کیجئے گا،ارکان پارلیمنٹ کی بہت عزت کرتے ہیں ،منصب کا خیال رکھنا چاہئے ۔ ندیم عباس بارا نے کہا کہ میں تو غلطی سے اس کیس میں آگیا ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ دونوں تحریری معافی نامہ دیں۔دوران سماعت ڈی آئی جی پولیس شہزاد نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے انہیں مسلم لیگ(ن) کی حمایت حاصل تھی۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو چاہیے تھا کہ کیمپ لگا کر قبضے واگزار کروائیں۔چیف جسٹس نے ڈی آئی جی آپریشنز سے استفسار کیا کہ منشا کھوکھر کہاں ہیں ،ڈی آئی جی نے بتایا کہ منشا بم فرار ہو گیا ہے ، ہم نے 6 ٹیمیں بنائی ہیں اورسرگودھا میں اس کے گھر پر چھاپہ مارا ہے،ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں آسکی،انٹیلی جنس اداروں سے مدد لی ہے امید ہے جلد گرفتارکرلیں گے۔چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیے کہ بیرون ملک پاکستانی اس ملک سے بہت پیار کرتے ہیں ،لیکن ایک بیرون ملک پاکستانی کی جائیداد پر منشابم نے قبضہ کیا۔چیف جسٹس نے حکم دیا کہ جن کی زمینوں پر قبضے کیے گئے ہیں وہ واگزار کروائیں اور اگر کسی پر حکم امتناع ہے تو اس کی فہرست ہمیں دیں،میں تو سوچ رہا ہوں کہ یہ معاملہ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دوں۔بعد ازاں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی محمود اشرف نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 9 پلاٹس پر منشا بم نے قبضہ کر رکھا ہے اور وہ قبضہ گروپ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More