پاک بھارت بورڈز کی قانونی جنگ منطقی انجام کو پہنچنے کے قریب
دبئی (امت نیوز)پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان قانونی جنگ اگلے دو روز میں اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے نقصان کے ازالے کے لئے آئی سی سی کے تنازعات حل کرنے والی کمیٹی سے رجوع کر رکھا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک محتاط انداز کے مطابق 447کروڑ روپے نقصان کی تلافی کے لئے جو کیس دائر کیا ہوا ہے اس کی سماعت پیر سے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر دبئی میں ہو رہی ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان تنازع کے حل کے لئے آئی سی سی نے مائیکل بیلوف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا فیصلہ بدھ کو متوقع ہے۔آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اسے کوئی فریق چیلنج نہیں کرسکے گا۔آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کے سامنے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیس رکھا ہے کہ بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور پاکستان کے ساتھ گذشتہ دس سال میں کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی۔پی سی بی کا موقف ہے کہ 2014میں ہونے والے معاہدے کے بعد اگر پاکستان بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلا ہے تو پاکستان کو سیریز نہ ہونے سے بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔پی سی بی نے 2014 میں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان چھ سیریز ہونا تھی۔