محمد حفیظ نے دبئی میں قومی ٹیم کو جوائن کرلیا
لاہور(امت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ نے دبئی میں قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں حصہ لیں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو 18 ویں رکن کے طور پر قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا تھا۔ آل رائونڈر گزشتہ رات علامہ اقبال ایئر پورٹ لاہورسے روانہ ہوئے تھے، محمد حفیظ نے آخری ٹیسٹ میچ اگست 2016ء میں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلا تھا، اس کے بعد قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ میں ان اور آئوٹ ہوتے رہے، آخری ایک روزہ میچ جنوری 2018ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلا تھا، اس کے بعد انہیں روال سال دورہ زمبابوے کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن 2 ٹی ٹونٹی میچز میں ناکامی کے بعد پانچوں ون ڈے میچز سے ڈراپ کردیا گیا۔