کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس نے حکومت سے اپنے لئے ایگزامنر یونیورسٹی یا خود مختار تعلیمی و امتحانی بورڈ کا درجہ مانگ لیا ہے ۔ مختلف امور پر حکومت سے مذاکرات کیلئے11رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔اسکولوں کے نصاب تعلیم کی مانیٹرنگ کیلئے بھی کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔اردو کو ملک میں حقیقی معنوں میں ذریعہ تعلیم بنانے کے مطالبات کئے ہیں ۔وفاق المدارس کے سیکریٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وفاق المدارس نے حکومت سے مذاکرات کے لیے11رکنی کمیٹی بنا دی ہے ۔ کمیٹی میں وفاق المدارس کے صدر، نائب صدور،ناظم اعلی کے علاوہ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا فضل الرحیم،مفتی صلاح الدین، مولانا سعید یوسف،مولانا ڈاکٹر عادل خان،مولانا فیض محمد اور مفتی محمد نعیم شامل ہوں گے ۔ یہ کمیٹی ملک کے عمومی نظام تعلیم کو آئینی تقاضوں کے مطابق اسلامی علوم کو شامل کرانے کے لئے حکومت سے مذاکرات کرے گی۔تعلیمی اداروں کو بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز کو دیے جانے اور دیگر امور کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی بھی بنائی گئی ہے ،جس میں مولانا ڈاکٹر عادل خان،مولانا امداد اللہ یوسفزئی،مولانا حسین احمد،مولانا قاضی عبدالرشید، مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر اور مولانا سعید یوسف شامل ہوں گے۔قاری حنیف جالندھری نے بتایا کہ وفاق المدارس کی مجلس عاملہ نے مدارس کی رجسٹریشن و دیگر تمام امور وزارت تعلیم کو دینے ،میٹرک تک یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ،چھٹی تک ناظرہ اور انٹر تک ترجمہ قرآن کریم مکمل کرنے کے قانون پر عمل درآمد،کوائف طلبی کے نام پر مدارس کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے ،عربی زبان کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ وفاق المدارس کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کے نمائندہ وفاقوں کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ قابل نہیں ہوگا۔قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر این او سی کی شرط،کھالیں جمع کرنے پر مدارس کے ذمہ داران کو سنائی جانے والی سزاوں،جرمانوں و دیگر اقدامات کیخلاف عدالت سے رجوع کی جائے گا ۔مجلس عاملہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاق المدارس کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرح ایگزامنر یونیورسٹی یا فیڈرل بورڈ کی طرح خود مختار تعلیمی وامتحانی بورڈ کا درجہ دے ۔وفاق المدارس مرکزی اور وفاقی ادارہ ہے جس کے ساتھ جملہ معاملات کو صوبوں کے بجائے مرکز اور وفاق کی سطح پر طے کئے جائیں ۔تعلیمی اصلاحات کیلئے قائم ٹاسک فورس میں علما،دینی مدارس کو مزید نمائندگی دی جائے۔2روزہ اجلاس وفاق المدارس کے صدر ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں نائب صدور مولانا انوار الحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی،جنرل سیکریٹری محمد حنیف جالندھری، مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا فضل الرحیم ، مولانا ارشاد احمد، مولانا مفتی محمد طیب،مولانا مفتی محمد طاہر مسعود، مولانا ظفر احمد قاسم،مولانا امداد اللہ،مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان،مفتی محمد نعیم،قاری عبدالرشید،مفتی محمد خالد،مولانا حسین احمد،مولانا محمد قاسم، مولانا محمد انور،مولانا اصلاح الدین حقانی، مولانا ضیا اللہ اخونزادہ،قاری محب اللہ، مولانا عبدالقدوس ، بلوچستان سے مولانامفتی صلاح الدین (ناظم بلوچستان)، مولانا مفتی مطیع اللہ،مولانا عبدالمنان،مولانا فیض محمد، مولانا سعید اور مولانا قاضی نثار احمد نے شرکت کی۔