ہاکی فزیو نے کھلاڑیوں کو سپر فٹ قرار دیدیا
لاہور(امت نیوز ) قومی ہاکی ٹیم کے فزیکل ٹرینر خواجہ روحیل نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے کافی محنت کی ہے اور ان کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بہترین ہے ۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فٹنس ٹیسٹ میں پلیئرز کے اوسط پوائنٹس 21 سے زیادہ رہے جن کو برا نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ان ٹیسٹ کو دیکھ کر میں کہ سکتا ہوں کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر کافی محنت ہوئی ہے تاہم انٹرنیشنل معیار تک پہنچنے کیلئے انہیں ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ ان کی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے ہر شعبہ میں فٹنس کی ضرورت ہوتی ہے۔ سپر فٹ کھلاڑی ہی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اسلئے دنیا بھر میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔