سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں جبری برطرفیوں کیخلاف ایپکا کا مظاہرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد علی شیخ کے خلاف آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے بدھ کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ احتجاجی ملازمین نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف نعرے درج تھے۔ احتجاج کے دوران ایپکا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اپیکا گریڈ 1سے 17 تک کے دفتری ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے اور ہمیشہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف دیوار بن کے ملازمین کے حقوق کی بات کی ہے۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے 113ملازمین کو جبری برطرف و ریٹائر کر کے غر یب ملازمین کو فاقہ کشی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ ایپکا کے سربراہ نیاز احمد خاصخیلی، حاجی غلام نبی سیال حیدر آباد ڈویژن ،الطاف بھرگڑی، ذوالفقار منظور سولنگی، احسان علی مگسی، عابد حسین چانڈیوں، عبدالغفور عباسی، شمس الدین اجن، احسان عالمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی برطرفیاں بند کر کے برطرف ملازمین بحال کیا جائے۔