سانحہ بلدیہ کیس میں لواحقین کے بیان پر رقت آمیز مناظر

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں لواحقین سمیت گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے10 اکتوبر کو مزید گواہوں کو طلب کر لیا ہے لواحقین کے بیانات پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ بدھ کے روز انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت کے موقع پر جیل حکام کی جانب سے گرفتار ملزمان متحدہ کے دہشت گرد رحمان بھولا اور زبیر چریا کو پیش کیا گیا ، اس موقع پر متحدہ رہنما رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے ۔ سماعت کے دوران آتشزدگی میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں سے مزید گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے ۔ گواہوں کا بیانات میں کہنا تھا کہ بلدیہ فیکٹری آتشزدگی میں کئی افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں ہمارے پیارے بھی شامل تھے ، جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کی شناخت مشکل تھی،بیانات ریکارڈ کراتے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ورثا پیاروں کو یاد کرکے روتے رہے۔بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد عدالت نے 10اکتوبر کو مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔ دریں اثنا بدھ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لیاری آپریشن میں پولیس اور شہریوں کے قتل سے متعلق کیس میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی عدم حاضری پر جیل سپرنٹنڈنٹ سے عزیر بلوچ کی تفصیلات طلب کرلی ہے ، عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر عزیر بلوچ کی کسٹڈی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ دی جائے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے سینیٹر اسلام الدین شیخ کے بیٹے سمیت دیگر کے خلاف پولیس اہلکار پر تشدد کرنے سے متعلق کیس میں شریک ملزمان پرشانت اور نکھیلا نریندر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 16کو منتقل کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More