اسلام آباد ( نمائندہ امت) کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے وزیراعظم عمران خان کو بنی گالہ کے گھر میں غیرقانونی تعمیرات پر نوٹس جاری کر دیا ہے، وزیراعظم کی رہائش گاہ کے سیکورٹی اسٹاف نے نوٹس وصول کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول کے انسپکٹر آصف زیدی نے نوٹس وصول کرایا۔ وزیراعظم کو غیر قانونی تعمیرات گرانے یا جرمانہ ادا کرنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے زون فور کے موضع موہڑہ نور میں غیر قانونی تعمیرات پر چار سو سے زائد گھروں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔نوٹس سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کی دفعات 46 اور 49_c ون کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔ نوٹس میں تمام مالکان کو غیرقانونی تعمیرات ختم کرنے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔نوٹس وصول نہ کر نے والے مالکان کے نوٹس ان کے گھروں پر آویزاں کیے جائیں گے۔