کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ۔اس حوالے سے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنما محمد الیاس نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کراچی پبلک ٹرانسپورٹ کا بحران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا پیدا کردہ ہے۔ سندھ حکومت نے گزشتہ 10 سال کے دوران توجہ نہیں دی کہ شہر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ 24 ہزار کی جگہ اب 6 ہزار چل رہی ہے۔ جب کہ سندھ حکومت نے 10 بسیں چلاکر بڑا احسان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی 20 روپے کلو مہنگی کی گئی۔ اب ٹرانسپورٹر کیا کریں گے۔ 2011 سے کرائے سرکاری طور پر نہیں بڑھائے گئے۔ من مانے کرائے وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کا ہمارا اختیار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے اجلاس طلب کیا ہے۔جس میں 2 آپشن رکھے جائیں گے کہ کرائے بڑھانے کا اعلان سرکاری سطح پر کیا جائے، ہم ورنہ گاڑیاں کھڑی کردیں گے۔