کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
راولپنڈی؍اسلام آباد ( نمائندہ امت؍سٹاف رپورٹر) کسٹمز کی خصوصی عدالت نے ماڈل ایان علی کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں تفصیلات کے مطابق ماڈل ایان علی کے کیس کی گزشتہ روز ( ہفتہ ) سماعت ہو ئی لیکن کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی بیماری کا بہانہ بنا کر ایک بار پھر پیش نہ ہوئیں،عدا لت نے انکےپرانےمیڈیکل سرٹیفکیٹ پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی اور کسٹم عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ ایان علی ایک بار پھر عدالت سے غیرحاضر رہیں، ملزمہ کے وکیل نے استدعا کی کہ ایان علی بیمار ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ ملزمہ کے وکیل کی عدالت نے سرزنش کی اور مسلسل عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔جج ارشد حسین بھُٹہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے کوئی نیا میڈیکل سرٹیفکیٹ نہیں دیا، پرانے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اتنا عرصہ استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا، ملزمہ کو پیش کیا جائے۔کسٹم پراسیکیوٹر امین فیروز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ بہانے بناتے ہیں، عدالت کا وقت ضائع کرتے ہیں، اتنا عرصہ گزر گیا اور ملزمہ کو جان بوجھ کر پیش نہیں کیا جارہا۔عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔