غیر قانونی سائٹس بنوانے پر پارکنگ حکام – میونسپل کمشنرز کیخلاف تحقیقات
کراچی ( رپورٹ / صفدر بٹ ) محکمہ اینٹی کرپشن نےغیر قانونی سائٹس بنوانے پر پارکنگ حکام اور ضلعی میونسپل کمشنر ز کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں ۔ ذرائع کے مطابق کہ اینٹی کرپشن حکام کو شکایات ملی ہیں کہ ضلعی میونسپل کارپوریشن حکام اور چارجڈ پارکنگ افسران نے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں غیر قانونی پارکنگ سائٹس قائم کرا رکھی ہیں اور ان غیر قانونی پارکنگ سائٹس پر ٹھیکیدار مافیا جعلی پارکنگ پرچیوں کے ذریعے شہریوں سے من مانی پارکنگ فیس کے نام پر یومیہ لاکھوں روپے بٹور رہی ہے ۔ جس سے خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔شکایات موصول ہونے پر اینٹی کرپشن حکام نے مبینہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے ایسٹ ، ویسٹ اور ساؤتھ زون کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چارجڈ پارکنگ کے سب سے زیادہ پوائنٹس ساؤتھ زون میں ہیں جس میں صدر ، ایمپریس مارکیٹ ، پریڈی اسٹریٹ ، پلازہ مارکیٹ ، چاند بی بی روڈ ، سول اسپتال ، لائٹ ہاؤس ،سٹی کورٹ ، جوڑیا بازار میڈیسن مارکیٹ ، بولٹن مارکیٹ ، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں کمرشل و تجارتی مراکز بڑی تعداد میں ہیں اس کے علاوہ ساؤتھ زون میں کلفٹن کے متعدد علاقے بھی شامل ہیں جہاں بڑی تعداد میں پارکنگ سائٹس چل رہی ہیں ۔ چارجڈ پارکنگ سائٹس کے لحاظ سے دوسرا نمبر ایسٹ زون کا آتا ہے جہاں طارق روڈ ، بہادر آباد ، شہید ملت روڈ ، نیو ایم اے جناح روڈ ، گلشن اقبال ، راشد منہاس روڈ ، لیاقت آباد ، کریم آباد ، واٹر پمپ سمیت دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں پارکنگ ایریاز قائم ہیں اور تیسرے نمبر پر ویسٹ زون آتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے ضلعی میونسپل کارپوریشنز اور چارجڈ پارکنگ حکام سے پارکنگ سائٹس کی تعداد اور ٹھیکوں سمیت تمام تفصیلات طلب کر تے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔