ڈالر بینکوں کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں سستا -خریدار غائب
کراچی(امت نیوز)کرنسی مارکیٹ میں بینکوں کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت فروخت کم ہونے کے باوجود خریداری انتہائی کم ہو گئی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت بینکوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بینکوں کی شرح مبادلہ کو اسٹیٹ بینک ریگولیٹ کرتا ہے لیکن اس بار کرنسی مارکیٹ حقیقی شرح مبادلہ پیش کر رہی ہے ۔28ستمبر کو ختم ہونے والے مہینے میں کمرشل بینکوں کے زر مبادلہ ذخائر ساڑھے 19 کروڑ ڈالر کی کمی کے بعد 6ارب 48کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔کرنسی مارکیٹ ڈیلرظفر پراچہ کے مطابق پہلےغیر قانونی طور پر پیسہ اکٹھا کرنے والے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدتے تھے تاکہ وہ اپنی دولت کو بیرون ملک منتقل کر سکیں ۔ایسے افراد اب پریشانی کا شکار ہیں اور اسی وجہ آئی ایم ایف کی جانب سے روپے کی قدر کم کرنے کے مطالبات کے باوجود ڈالر کی خریداری نہیں بڑھی ۔