کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں نامزد ملزمان ایل پی جی گیس امپورٹ کرنے کے بادشاہ اقبال زیڈ احمد اور ڈاکٹر عاصم کو بیرون ممالک کے دوروں کی کھلی اجازت دے رکھی ہے۔ ملزمان بیرون ممالک میں کاروبار بھی کر رہے ہیں اور سیروتفریح بھی کر لیتے ہیں۔ اول الذکر 8 جب کہ ڈاکٹر عاصم 7 بار امریکہ برطانیہ چین اور دبئی سمیت دیگر ممالک کے دورے کرچکے ہیں۔وکلا ئے صفائی کے تاخیری حربوں کی وجہ سے 462 ارب روپے اور 17 ارب روپے کی کرپشن کے 2ریفرنس 3 سالوں میں بھی نہیں نمٹائے جاسکے۔ حیران کن طور پر نیب حکام بھی خاموش ہیں اور بیرونی دورے رکوانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع تک نہیں کیا گیا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ملزمان کو آزادی دینا کیس پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے ۔قوم کا پیسہ لوٹنے والے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرا کے جیل بھیجا جائے۔واضح رہے کہ نیب کے تفتیش کاروں نے سندھ میں قدرتی گیس کے ذخائر نکالنے کے ٹھیکے غیر قانونی طریقے سے جے جے وی ایل کمپنی کے سربراہ اقبال زیڈ احمد کو دینے سمیت دیگر الزامات پر 17 ارب روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا ہوا ہے اس ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم بھی نامزد ہیں اسی طرح نیب نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف منی لانڈرنگ،حیثیت سے زائد اثاثے بنانے اور غیر قانونی الاٹمنٹ سمیت دیگر الزامات پر قومی خزانے کو 462 ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا ہوا ہے ریفرنس دائر ہونے کے بعد سے ملزم ایل پی جی گیس امپورٹ کرنے کے بادشاہ اقبال زیڈ احمد 8 مرتبہ 1 سے2 ماہ کے لیے بیرون ممالک جا چکے ہیں جن میں امریکہ برطانیہ چین قطر دبئی سمیت دیگر ممالک ہیں جہاں پر ملزم تعمیراتی شعبہ گیس سمیت دیگر کاروبار کر رہے ہیں پاکستان میں درجنوں بڑے کاروبار چل رہے ہیں ملزم اقبال زیڈ احمد کے امریکہ سمیت دیگر ممالک میں با اثر شخصیات سے اچھے روابط ہیں پاکستان میں اعلی شخصیات سے تعلقات ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں 17 ارب روپے کی ریفرنس کے کیس میں باآسانی ضمانت مل گئی اوروہ جیل بھی نہیں گئے۔نامور وکلا کی خدمات حاصل کرنے کے سبب حاضری سے استثنی بھی لے لیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اقبال زیڈ احمد احتساب عدالت میں بہت کم حاضر ہوئے ہیں اسی طرح سابق صدر آصف زرداری کے دوست ڈاکٹر عاصم 462ارب اور17 ارب روپے کے نیب ریفرنس میں نامزد ہیں جو کہ ضمانت پر آزاد ہونے کے بعد طبی بنیادوں پر 7 مرتبہ بیرون ممالک کے دورے کر چکے ہیں جو کہ 1 سے2 ماہ کے دورے ہوتے ہیں۔ڈاکٹر عاصم برطانیہ اور دبئی جاتے ہیں جہاں پر ان کے بیٹے کاروبار سنبھالے ہوئے ہیں ڈاکٹر عاصم طبی امداد حاصل کرنے کے ساتھ برطانیہ دبئی میں بچوں کے ساتھ کاروبار کی دیکھ بھال کرتے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال زیڈ احمد اور ڈاکٹر عاصم با اثر ملزمان ہیں۔ ہائی کورٹ نے انہیں ایک مرتبہ دورہ کرنے کی اجازت دی تھی لیکن نیب کے تفتیش نے کیس میں ٹھیک طریقے سے پراسکیویشن نہیں کی جس کی وجہ سے وہ بار درخواست دے کر بیرون ممالک جانے کی اجازت حاصل کر لیتے ہیں ۔ دونوں نیب ریفرنس میں مجموعی طور پر 16 ملزمان نامزد ہیں 15 ملزمان ضمانتوں پر آزاد ہیں جبکہ 1 ملزم اطہر حسین جیل میں ہے جن کے ضمانت کی درخواست کا نمبر آتے ہوئے عدالتی وقت ختم ہو جاتا ہے ۔