قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سندھ ریسکیو سروس شروع کی جائیگی-مرتضیٰ وہاب
کراچی( اسٹاف رپورٹ) صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کیلئے حکومت بہت جلد سندھ ریسکیو سروس کا آغاز کررہی ہے، جس کا آغاز پہلے مرحلے میں ٹھٹھہ و سجاول کی ساحلی پٹی سے کیا جائے گا۔ ورلڈ ڈیزاسٹر ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کا دن پاکستان کیلئے بہت کرب ناک تھا اور ملک کو ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع اور اربوں مالیت کی املاک کی تباہی کا سامنا کرنا پڑا مگر پاکستانیوں نے اپنے حوصلے اور ہمت سے بحالی کا کام شروع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ڈیزاسٹر ڈے منانے کا مقصد قدرتی آفات کے نتیجے میں تباہی سے دوچار ہونے کے بعد بحالی کے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور انسانی جانوں کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سندھ ریسکیو سروس حکومت کا عوام کے لئے تحفہ ہے، جو سیلاب، زلزلے، خشک سالی و قحط جیسی آفا ت میں تمام محکموں کے باہمی تعاون سے فوری بحالی اور بچاؤ کے اقدامات کرے گی۔