ڈاوئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق-2زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 شہری زخمی ہوگئے، جب کہ فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔اہلکار نیو کراچی تھانے میں تعینات تھا۔وہ والد کے ہمراہ بینک سے ان کی پنشن لیکر نکلا تھا۔ملزمان نے لوٹ مار کی اور مزاحمت پر اہلکار پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی تھانے کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 11 ڈی میں واقع امام بارگاہ کاروان حیدری مکان نمبر 112/22 کے سامنے موٹرسائیکل پرسوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی چل بسا۔اسپتال میں مقتول کی شناخت 42 سالہ سید احمد عباس رضوی ولد سید غضنفر مہدی کے نام سے کرلی گئی۔ مقتول پولیس اہلکار اور گزشتہ 4 برسوں سے نیو کراچی تھانے میں تعینات تھا۔وہ انٹیلی جنس ڈیوٹی پر مامور تھا۔ ایس پی شبیر بلوچ نے بتایا کہ سید احمد اپنے والد کے ہمراہ بینک سے ان کی پنشن نکال کر آرہا تھا ،جیسے ہی وہ گھر پہنچا، تو اسی دوران نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی، جس کے باعث سینے میں ایک گولی لگنے سے اہلکار جاں بحق ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا ایک چلیدہ خول قبضے میں لیکر لیبارٹری بھجوا دیا ہے۔عباسی اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے افسران راجہ عمر خطاب اور مظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ مقتول پولیس اہلکار اپنے والد کے ہمراہ پنشن لے کر جیسے ہی گھر پہنچا تو موٹر سائیکل پرسوار2 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔پولیس اہلکار کو ایک گولی سینے میں لگی ہے، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا کوئی اور وجہ ہے۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر ایس ایس پی وسطی سے جامع انکوائری رپورٹ فوری طلب کرلی۔دریں اثنا سرجانی ٹائون میں خدا کی بستی کے علاقے گلشن ظہور فیز1 میں مکان نمبر آر 185 میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 45 سالہ شکیل احمد ولد شیخ وحید الدین کو زخمی کردیا۔پولیس کے مطابق زخمی کی اہلیہ نے بیان دیا کہ ملزمان 3ہزار روپے، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ بہادرآباد کے علاقے شارع فیصل لال قلعہ کے قریب ڈاکوئوں نے مزاحمت پر 50 سالہ سعید ولد رمضان کو گولی مارکر زخمی کردیا۔اورنگی تھانے کے علاقے شاہ فیصل محلہ اچانک ہوٹل کے قریب گلی نمبر 22 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 33 سالہ شیراز ولد مولا بخش زخمی ہوگیا۔