افغانستان کےقیام امن میں اشرف غنی حکومت رکاوٹ قرار
پشاور(رپورٹ:محمد قاسم )افغانستان میں سابق امریکی سفیر اور افغانستان اور پاکستان کے لئے امریکا کے نمائند ہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد افغانستان میں افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی ،افغان چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ اور سابق جہادی رہنماء استاد سیاف کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں میں خلیل زاد اور افغان صدر کے درمیان امن کے مسئلے پر شدید اختلافات سامنے آئے ہیں اور خلیل زاد نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں امن کے قیام میں افغان حکومت بھی رکاوٹ ہے ۔افغانستان میں امن ضروری ہے اور طالبان کے سا تھ بات چیت بھی ضروری ہے لیکن افغان حکومت بعض مجبوریوں کے تحت طالبان کے ساتھ کھل کر بات نہیں کر پارہی ہے جس پر افغان صدر اور خلیل زاد کے درمیان ملاقات خوشگوار نہیں رہی ۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ امریکا افغان حکومت کو بے توقیر کر رہا ہے اور افغان حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر طالبان کے ساتھ مذاکرا ت کیلئے رابطے ہو رہے ہیں جس پر خلیل زاد نے کہا کہ افغان جنگ ویتنام جنگ سے طویل ہوتی جارہی ہے ۔