کے الیکٹرک کیخلاف اوتھل کے شہری سراپا احتجاج- کوئٹہ کراچی شاہراہ بند
حب (رپورٹ:عبدالغنی رند) گزشتہ شب بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ کے خلاف اوتھل کے شہری سڑکوں پر نکل آئے ، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹائر جلاکر شاہراہ مکمل طور پر بند کر دی ، شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ہزاروں مسافر اپنی منزل مقصود پہنچنے سے رہ گئے ، مظاہرین کا کے الیکٹرک کے خلاف زبردست نعروں سے اوتھل شہر گونج اٹھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس روز سے لسبیلہ کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں کے الیکٹرک نے ٹرانسمیشن لائن خرابی کا ڈرامہ رچا کر شہر کی بجلی کو بلاجواز بند کی ہے۔انھوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے اوتھل کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، کے الیکٹرک اوتھل سمیت لسبیلہ بھر میں بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں، اور اوتھل سمت لسبیلہ بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو فوری ختم کیا جائے۔ اوتھل میں ایک مرتبہ پھر بجلی بندش کے خلاف سینکڑوں خواتین نے ڈی سی آفس کے سامنے کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر طرح کی ٹریفک معطل کر دی، خواتین کے شدید احتجاج کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ خواتین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے نااہل افسران کا فوری لسبیلہ سے تبادلہ کیا جائے، اور ایماندار افسران کو لسبیلہ میں تعینات کریں تاکہ وہ شہریوں پر بلاجواز ظلم کرنے کے بجائے ان کے مسائل حل کرسکیں۔