بس ڈرائیوراورکنڈیکٹروں کی مسافروں سے ہاتھا پائی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں من مانے اضافے کے بعد سخت عوامی رد عمل سامنے آیا، بعض جگہوں پر ہاتھا پائی کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔ لیاقت آباد سے صدر تک کا سفر کرنے والے محمد اشرف کا کہنا ہے کہ کرایوں میں من مانے اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں عوام سے جبری کرایہ وصول کیا جا رہا ہے، جب اضافے سے متعلق پوچھا جائے تو بس مالکان اور عملہ مسافروں کو گریبان سے پکڑ کر بس سے اتار دیتا ہے اور مار پیٹ پر اتر آتا ہے۔ ایک اور مسافر محمد امین کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر چلنے والی بسوں نے کرائے میں 10 سے 15 روپے تک اضافہ کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے اور کہیں قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی ۔ کینٹ سے جناح اسپتال آنے والے مسافر صفدر علی نے کہا کہ چند کلو میٹر تک کے ایک اسٹاپ سے دوسرے اسٹاپ تک کے 5 روپے کے کرائے کو بڑھا کر 15 روپے کر دیا گیا ہے۔