طالبان نے 4امریکی-19افغان کمانڈوز مار ڈالے
کابل (امت نیوز) افغان صوبوں فاریاب، غزنی اور ہلمند میں طالبان کے حملوں میں 4 امریکی اور 19 افغان کمانڈوز ہلاک ہو گئے۔ امریکی فوج نےعام شہریوں پر غصہ نکال دیا۔ضلع مارجہ میں بمباری سے متعدد گھر تباہ، 4 شہید ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق طالبان نے صوبہ فاریاب کے ضلع جمعہ بازار میں امریکی اورافغان فورسز کے کاروان پر حملہ کیا۔دشت بز کے علاقے میں لڑائی 4 گھنٹے تک جاری رہی،جس کے نتیجے میں 4 امریکی اور11 افغان کمانڈوز ہلاک ،جبکہ 3 امریکی اور 5 افغان فوجی زخمی ہوئے۔ ایک امریکی اور 2 افغان ٹینک بھی تباہ کر دیئے گئے۔ادھرفاریاب میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکر طاہر رحمانی نے بتایا کہ طالبان نے رات کو ضلع پشتون کوٹ میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 10 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔جنگجوؤں نے صوبہ غزنی کے قلعہ قاضی علاقہ میں افغان فوج کے 8 کمانڈوز مار ڈالے۔ حملے میں 2 ٹینک بھی تباہ ہوئے۔ افغان فورسز نے اس کے جواب میں انتقامی کارروائی کرتے ہوئے متعدد عام گھروں کو تباہ کر دیا۔ دریں اثنا صوبہ ہلمند کے صدر مقام لشکرگاہ شہر ، مارجہ، نادعلی وگریشک اضلاع میں افغان فورسز پر طالبان حملوں میں بھی افغان فوج کے 10 ٹینک، 2 گاڑیاں تباہ ہونے اور 19 فوجی و حکومت نوازجنگجو مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔امریکی فوج نے غصہ شہریوں پر نکال دیا اورضلع مارجہ میں شہری آبادی پر بمباری کردی جس سے 4 شہری شہید ہوگئے۔