کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے ہاکی اسٹیڈیم کے قریب اومنی گروپ کے دفتر پر چھاپہ مارکر دفتر میں موجود 2 کمپیوٹر اور 3 لیپ ٹاپ تحویل میں لے لئے۔ دفتر میں موجود 3 ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ رات گئے تک تلاشی کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے کر دفتر کو مکمل سیل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی کی ہدایت پر ایف آئی اے کی جانب سے منگل کی رات ہاکی اسٹیڈیم کے قریب واقع اومنی گروپ کے دفتر پر چھاپہ مار کر دفتر میں موجود ریکارڈ تحویل میں لے کر ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ایف آئی اے کی جانب سے رات گئےتک اومنی گروپ کے دفتر میں موجود ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جاتی رہی۔ تلاشی کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے دفتر میں موجود 3 ملازمین سے بھی تفتیش کی گئی، تاہم ایف آئی اے کی جانب سے اومنی گروپ کے دفتر سے 2 کمپیوٹر، 3 لیپ ٹاپ اور سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ تحویل میں لے کر دفتر کو سیل کردیا گیا ہے۔