جوابی تجارتی حملے سے خوفزدہ ٹرمپ کی چین کو دھمکیاں
واشنگٹن(امت نیوز)اپنے خلاف چین کے جوابی اقدامات سے خوفزدہ امریکہ نے چین کوکسی بھی قسم کے اقدامات سے روکنے کی کوششوں میں مزید اضافی ٹیکس لگانے کی دھمکی دیدی ہے۔امریکی انتظامیہ نے چین سے تجارتی جنگ کے پیش نظر امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری مزید محدود کرنے اور اس کا از سر نو جائزہ لینے کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکہ کو چینی برآمدات کم ہونے لگی ہے ۔امریکہ کیلئے چینی برآمدات ستمبر میں 8.9 فیصد ریکارڈ کی گئیں جو ایک برس قبل 9.8 فیصد تھی ۔چین کی درآمدات کی شرح بھی 19.9 فیصد سے کم ہو کر 15فیصد پر آنے کا امکان ہے،جس سےچینی تجارت 19 ارب40 کروڑ ڈالر فاضل رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ برس 27ارب 89کروڑ ڈالرتھی ۔ آئی ایم ایف نےامریکہ سے چین کی تجارتی جنگ کے پیش نظر شرح نمو6.4 سے کم ہو کر 6.2رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ چینی مصنوعات پر اضافی امریکی ٹیکسوں کے نفاذ کے جواب میں بیجنگ نے واشنگٹن کیخلاف اقدامات کئے تو چین کی اشیا پر 267 ارب ڈالر کے مزید اضافی ٹیکس نافذ کئے جائیں گے۔