خیبر پختون میں خواتین ووٹرز کے لئے شکایات ڈیسک قائم
پشاور(امت نیوز)الیکشن کمیشن خیبر پختون نے خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہ دینے کے خدشات کا نوٹس لے لیا ہے اور ملاکنڈ ڈویژن کے تمام علاقوں اور صوابی ضلع کی حد تک متعلقہ حکام کو خط لکھا ہے ،جس میں ان شکایات کا نوٹس لینے کا کہا گیا ہے۔اس کے الیکشن کمیشن میں خواتین کی شکایات کے حوالے سے ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے جو پولنگ ختم ہونے تک رہے گا۔ملاکنڈ ڈویژن اور ضلع صوابی کے بعض علاقوں میں خواتین کے کم ووٹ ڈالنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بعض مقامات پر خواتین اور مردوں کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بنائے ہیں یا ان کے علاقوں سے دور بنائے گئے ہیں جس وجہ سے خواتین ووٹ ڈالنے نہیں جا پائیں گی۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ بعض دیہاتوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ان کے گھرانوں کے مرد نہیں دیں گے ۔