اسپنر عبدالرحمان کا عالمی کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان
لاہور(امت نیوز) ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے آف اسپنرعبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کااعلان کردیا تاہم وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے محکمے حبیب بینک کی طرف سے بدستورکھیلتے رہیں گے۔ 2014 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں عبدالرحمان نے آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے آف اسپنر نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹ اپنے نام کی ہیں، جبکہ 31 ون ڈے میچز میں ان کے شکار کی تعداد 30 رہی۔ عبدالرحمان نے8 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 11 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ٹیسٹ اسپنرعبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے پی سی بی حکام کو آگاہ کیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، لیکن ہر کرکٹر کو کرنا ہوتا ہے، چار سال سے ٹیم سے باہر تھا، اب واپسی کا بھی کوئی چانس نہیں لگ رہا تھا جس پر مناسب یہ ہی سمجھا کہ باقاعدہ طورپریہ اعلان کردوں۔ اب سارافوکس فرسٹ کلاس کرکٹ اور لیگ کرکٹ پر مرکوز کروں گا۔