شیشہ بارز کیخلاف کریک ڈاون کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے شیشہ بارز اور جوڑوں سے نکاح نامے مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ شیشہ بارزنوجوان نسل کوتباہ کر رہے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی شیشہ بارز پر پابندی کےاحکامات دے رکھے ہیں، عدالتی احکامات پرعمل کرتے ہوئے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو ہدایت کردی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس موبائل یا موٹر سائیکل پر گشت کرنیوالے مخصوص پولیس اہلکار جوڑوں سے نکاح نامے طلب کرکے خوفزدہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کراچی پولیس کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو خط لکھ کر ہدایت کی ہے کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں فیملیز خاص طور پر جوڑوں سے میاں بیوی ہونے کا ثبوت مانگنے کی شکایت نہیں ملنی چاہئے، ساحل سمندر، کلفٹن، ڈیفنس یا دیگر تفریحی مقامات پر پولیس اہلکاروں نے بلاوجہ شہریوں کو تنگ کیا تو سخت کارروائی کی جائے گی، پولیس ملازمین کی جانب سے ایسی کسی بھی ہراسٹمنٹ کی صورت میں شہری کراچی پولیس کے واٹس ایپ نمبر 03435142770 پر فوری شکایت درج کرائیں۔