صدر سمیت اہم شاہراہوں سے تجاوزات ہٹانے کیلئے آپریشن کی منظوری
کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو)ورزیر اعلیٰ سندھ نے مصروف ترین تجارتی مرکز صدر سمیت شہر کی اہم شاہراہوں سے تجاوزا ت ہٹانے کیلئے آپریشن کی منظوری دے دی ۔ اس حوالے سے محکمہ بلدیات کو بلاتفریق کارروائی کیلئے ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔اس ضمن میں گزشتہ روز وزیر بلدیات سعید غنی کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک، سیکریٹری بلدیات ، ڈی جی کے ڈی اے، ڈی جی ایس بی سی اے، ڈی جی ادارہ ترقیات لیاری، چیئرمین ضلع کونسل کراچی، کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صدر اورشاہراع فیصل سمیت تمام اضلاع کی 2 اہم شاہراہوں سے تجاوزات ختم کی جائیں ،جب کہ نوٹس جاری کر کے پولیس اور رینجرز کی مدد سے کسی بھی دباؤ کو جاطر میں لائے بغیر انسداد تجاوزات آپریشن کیا جائے ۔ جیل چورنگی سے لیکر صفوراں چورنگی تک یونیورسٹی روڈ کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے ۔اجلاس میں بتایا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان کی طرف سے اہم شاہراہوں کے ایک ٹریک کو پارکنگ کے طور پر استعمال کرنے اور فٹ پاتھ پر ٹیبل اور کرسیاں لگانے کی روکتھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ جب کہ شاہراع فیصل پر بائیں طرف رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے الگ ایک لائن مقرر کی جا رہی ہے جب کہ موٹر سائیکل سوار کے لئے ہیلمٹ لازمی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہراہ فیصل پر ٹرکوں، ٹرالرز اور واٹر اور آئل ٹینکرز پر پابندی کی تجویز بھی زیر غور آئی جس کو ایجنڈا میں شامل کر لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے شرکا کو ایک ہفتے میں سفارشات اور شاہراع فیصل پر گاڑیاں چلانے سے متعلق ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کی ہدایت کردی ۔