ڈھاکہ (امت نیوز ) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد کی ایما پر ان کے 19 مخالفین کو سزائے موت سنادی گئی ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بنگلہ دیش کی عدالت نے 2004 میں عوامی لیگ کی ریلی پر حملے کے الزام میں گرفتار 19 افراد کو پھانسی دینے کا حکم دے دیا ،جب کہ بی این پی کے موجودہ قائم مقام سربراہ اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے بیٹے طارق الرحمن کو عمر قید کی سزاسنائی گئی ۔جن افراد کو سزائے موت دی گئی ہے۔ان میں سابق وزیرِ مملکت برائے داخلہ امور لطف الزمان بابر،سابق وزیر اور نائب وزیر کو بھی پھانسی کی سزا سنائی گئی ۔ مذکورہ مقدمے میں خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمٰن سمیت 49 افراد نامزد تھے ۔پراسیکیوٹر مشرف حسین نے بتایا کہ 2 سابق وزرا اورانٹیلی جنس ایجنسیز سے تعلق رکھنے والے 2 سابق سربراہان کو بھی سزائے موت سنائی گئی۔علاوہ ازیں کالعدم تنظیم کے 15 انتہا پسندوں کو اس سازش کا منصوبہ بنانے اور حملہ کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی۔طارق رحمٰن کے وکیل ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سنا کر طارق رحمٰن کو دسمبر میں ہونے والے انتخابات سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔