جعلسازی۔اختیارات سے تجاوز پریوٹیلیٹی اسٹورز کے 2افسران کو سزا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعل سازی سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مسعود عالم نیازی کو 5 سال جب کہ اکاؤنٹس آفیسر ضیاء اللہ خان وارثی کو 7 سال قید اور 62لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا ، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید ایک سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی ، عدالت نے مجرمان کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل بھی قرار دے دیا ہے ۔دریں اثنا محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں وکیل صفائی کی جانب سے گواہ کے بیان پر جرح مکمل ہونے پر سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی بابل بھیو کے خلاف 5 کروڑ روپے سے زائد کی رقم غیر قانونی طور پر منتقل کرنے سے متعلق کیس تفتیشی افسر کو ریفرنس دائر کرنے کے لئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔