لیاری میں فحاشی کے اڈے سے 6 دھر لئے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری میں گینگ وار کے فحاشی کے اڈے سے استاد تاجو کے سالے فاروق مایا کی دست راست ببلی سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے چیل چوک کے قریب خورشید سینٹر میں واقع فلیٹ پر چھاپہ مار کر 3 خواتین سمیت 6 افراد ببلی دختر حاجی کاکڑ، صائمہ، سونیا، ممتاز، الطاف اور عباس کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ ببلی پولیس اہلکار حاجی کاکڑ کی بیٹی ہے اور کارروائی علاقہ مکینوں کی شکایت پر کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ ببلی عرصہ دراز سے فحاشی کا اڈا چلا رہی تھی، تاہم با اثر ہونے کی وجہ سے فلیٹ کے مکین ملزمہ کے خلاف شکایت کرنے سے ڈرتے تھے۔ذرائع کے مطابق ملزمہ ببلی لیاری گینگ وار کے خطرناک ملزم تاج محمد لاسی عرف استاد تاجو کے سالے فاروق مایا کی دست راست بتائی جاتی ہے اور گینگ وار کے عروج کے وقت گینگ وار ملزمان نعیم لاہوتی، سلطان چونی، شاہد مکس پتی اور شیش ناگ کی ملزمہ ببلی کو مکمل سپورٹ حاصل تھی۔ایس ایچ او محمد علی کا کہنا ہے کہ ببلی کے ماضی میں لیاری گینگ وار سے تعلقات بھی رہ چکے ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔