اسلام آباد (نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ نے رواں برس کے آخر تک غریب عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ کے اجرا اور ملک میں اسمگل شدہ موبائل فونز بند کرنے کا اعلان کردیا، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے بعد فیصلوں کے حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ اسمگل موبائل فون روا ں برس کے آخر تک بند ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا ایئر وائس مارشل ارشد خان کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کا نیا چیئرمین اور عون عباس کو ایم ڈی بیت المال مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ عطیہ کی جانے والی گاڑیوں کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز کے آئی آر او میں چھوٹ کی سمری کی منظوری دے دی گئی۔ یوریا کھاد درآمد کے لیے پیپرا رولز 35 میں نرمی کی سمری پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی گئی ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا کہ واگزار کروائی گئی زمین اور حکومت کی زمین پر مکانات بنائے جائیں گے، جس میں گھربنانے کےلیے سرکاری زمین بطور زرضمانت استعمال ہوگی، جبکہ ان کی تعمیر کے لیے حکومت رقم خرچ نہیں کرے گی۔وزیرِ اطلاعات نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آڈٹ کروانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ 38 ارب روپے کا تھا، لیکن اس کی تکمیل 100 ارب روپے میں ہوئی۔ کابینہ اجلاس میں بعض افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے یا نکالنے سے متعلق غور ہوا۔ 3 ہزار کے لگ بھگ لوگوں کے نام ای سی ایل پر ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو کہا ہے کہ یہ دیکھا جائے کہ کہیں ایسے لوگ تو نہیں ہیں جنہیں انتقامی کارروائیوں کے سبب ای سی ایل پر ڈالا گیا ہو۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری بڑھے گی،انہوں نے تجویز پیش کی کہ گزشتہ 10 سال کے دوران معاشی بدحالی کو جانچنے کے لیے بھی پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔فواد چوہدری نے کہا حکومت پر تنقید کرنے والوں کی جرات پر حیران ہوں جبکہ پاکستان کے موجودہ حالات کے ذمہ داروں پر مقدمہ چلنا چاہیے، ان لوگوں نے جو کچھ پاکستان کے ساتھ کیا ہے، میرے خیال سے تو انہیں 6 ماہ تک گھر سے ہی نہیں نکلنا چاہیے تھا۔کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے وزارت خزانہ سے گزشتہ دس برسوں میں لیے گئے قرضوں کی تفصیلات طلب کیں۔ اجلاس میں معاشی صورت حال کی بہتری کے اقدامات اور آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کی حکمت عملی پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ کابینہ نے کرپٹ عناصر کی نشاندہی کے نئے قانون وسل بلور پر آرڈیننس لانےکا فیصلہ کیا۔ دریں اثنا پا کستان ٹیلی کمیو نیکیشن ا ٹھا رٹی نے چوری شدہ،جعلی اورٹمپرڈموبائل فون 20اکتوبر کےبعدبلاک کرنےکا فیصلہ کیاہےاور اس کےلیےسسٹم تیارکرکےنصب کر دیا ہےاور عوام کوبھی اس نئے نظام سےآگاہ کردیا گیاہےکہ چوری،جعلی اور ٹمپرڈشدہ موبائل فون میں سمز بلاک ہوجائیں گی۔ پی ٹی اے نے ڈیوا ئسز کی تصدیق کے لیے تین طریقے بتائے ہیں۔ایس ایم ایس کےذریعےتصدیق کےلیے اپنا آئی ایم ای آئی نمبرمیسج میں لکھ کر8484 پربھیج دیں۔اپنا آئی ایم ای آئی نمبرچیک کرنےکےلیےاپنے مو بائل فون سے#06#ڈا ئل کریں۔موبائل ایپلیکشن کےذریعےتصدیق کرنے کے لیے گو گل پلےاسٹورسےدئیےگئے لنک سے ایپ ڈائون لو ڈکرکےانسٹال کریں اپنا آئی ایم ای ٓآئی نمبر ا یپلیکیشن کے سرچ با کس میں لکھ کر سبمٹ کا بٹن دبائیں یہ چیک کرکےآپ کوبتادےگاکہ آ پ کاموبائل پی ٹی اےسےتصدیق شدہ ہےیانہیں۔