سلیم ملک نے رشوت کی پیشکش کی تھی-شین وارن
نئی دہلی(امت نیوز) آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن نے اپنی نئی کتاب میں سابق پاکستانی کپتان سلیم ملک کی جانب سے 2لاکھ ڈالر رشوت کی پیشکش کے الزام کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ 49سالہ لیجنڈری سپنر شین وارن نے گزشتہ روز بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب میری زندگی سے متعلق ہے، اس میں رشوت کی آفرز کا بھی ذکر ہے، سلیم ملک نے مجھے کہا تھاکہ اگر میں آف سٹمپ کی جانب وائیڈ باؤلنگ کروں اور میچ ڈرا ہوجائے تو وہ مجھے 2 لاکھ ڈالر دیں گے۔شین وارن کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا کے ایک کسینو میں وہ5000ڈالرز ہار گئے تھے اور مارک وا کے ایک دوست نے انہیں یہ رقم دینے کی کوشش کی ،تاہم انہوں نے انکار کردیا۔یاد رہے کہ تنازعات کا شکار رہے سلیم ملک کا ایک بار پھر فکسنگ کے الزامات کا شکار ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔1995ء میں آسٹریلوی کرکٹرز مارک وا اور ٹیم مے نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں1994ء میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران میچز ہارنے کی صوررت میں سلیم کی جانب سے رقم دیئے جانے کی پیش کش کی گئی تھی۔ایک پاکستان بکی سلیم پرویز نے بھی ملکی عدالتی کمیشن کو بتایا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ایک میچ کو فکس کرنے کے لیے ایک لاکھ ڈالرز(اس وقت کے تقریبا42.5لاکھ روپے ) دیئے تھے۔