نیا پاکستان اسکیم کیلئے فیصل آباد میں 655 کنال زمین مختص

0

لاہور(امت نیوز) حکومت پنجاب نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لئے فیصل آباد میں 655 کینال زمین مختص کردی۔ مکوانہ روڈ پرایک ،دو اور تین منزلہ ساڑھے 9 ہزار فلیٹس 2برس میں تعمیر کئے جائیں گے ۔اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ کو ہدایات دیں کہ وہ 3 دن کے اندر منصوبے کے لیے مختص جگہ کا معائنہ کر کے رپورٹ مرتب کریں تا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے ماہرین کی نگرانی میں پلان وضع کیا جا سکے۔یہ پائلٹ پراجیکٹ فیصل آباد تا جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ مکوانہ روڈ پر واقع سرکاری اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے مختص زمین پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔ 655 کنال پر محیط اس کم قیمت رہائشی منصوبے میں ایک، تین اور سات منزلہ فلیٹس کی تعمیر کی آپشنز زیرِ غور ہیں جس کے لیے حتمی فیصلہ ماہرین کی مشاورت سے کیا جائیگا۔ میاں محمود الرشید نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے کامیاب آغاز پر سیالکوٹ میں بھی اسی طرز کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کے لیے مختص 1664 کنال اراضی پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکور منصوبے کی نگرانی وفاقی ٹاسک فورس اور حکومت پنجاب مانیٹرنگ کرے گی۔ تمام محکموں کے این او سی کے لئے ون ونڈو آپریشن ہوگا۔پنجاب حکومت نے فیصل آباد میں پائلٹ پراجیکٹ دو سال میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام محکموں کو منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More