موچکو سے لاپتہ لڑکی کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا-آئی جی کا نوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)موچکو سے 5 اکتوبر کو لاپتہ ہونے والی لڑکی کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا، اہل خانہ نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق 14سالہ سلمیٰ 5 اکتوبر کوموچکو سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھی، جسے تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے۔ اہل خانہ نے آئی جی سندھ کو درخواست دیتے ہو ئے پولیس کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ لڑکی کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں ہے۔ جس پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہو ئے ڈی آئی جی ویسٹ اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل سے رپورٹ طلب کرتے ہو ئے لڑکی کی فوری بازیابی کی ہدایت کردی۔ پولیس نے بتایا کہ گمشدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا اور تلاش بھی جاری ہے تاہم واقعہ پراسرار ہے،جلد لڑکی کو تلاش کر کے اصل وجوہات سامنے لائی جائیں گی۔