اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ سے 6 شہید

0

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ اورآنسو گیس کی شیلنگ سے غزہ کی سرحد پر پرامن احتجاج کرنے والے6فلسطینی شہید اور 250 زخمی ہوگئے، شہید ہونیوالوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی باشندوں کی جانب سے ہر جمعے کو غزہ کی سرحد پر احتجاج کا سلسلہ اس جمعے بھی جاری رہاجس میں فلسطینی باشندوں نے اپنے حقوق کی خاطر ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی،مظاہرے میں 14ہزار سے زائد فلسطینیوں نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس دوران اسرائیلی فوج نے سرحد کے قریب آنے والے نہتے فلسطینی باشندوں پر گولیاں برسادیں جس کے باعث 6 نہتے فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطین نیوز ایجنسی نے وزارت صحت کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ زخمیوں میں سے 85 براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے اور ان میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔اسرائیل فوج نے بہت بڑی تعداد میں ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث 250 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔خیال رہے کہ اسرائیلی قبضے اور مقامی افراد کو بے دخل کرنے کے 70 برس پورے ہونے کے سلسلے میں فلسطینی عوام 30 مارچ سے مستقل ہفتہ وار احتجاج کر رہے ہیں۔اس دوران اسرائیلی فوج سے ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں 200 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ فلسطینی اسنائپر کی فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا۔واضح رہے کہ اسرائیل نے فلسطین کے حقوق سلب کرتے ہوئے تل ابیب کے بجائے مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دیا ہے جس پر امریکا نے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More