اومنی گروپ کاشتکاروں کے نام پر کروڑوں روپے ہڑپ کرگیا

0

چوہڑ جمالی (نامہ نگار) اومنی گروپ کاشتکاروں کے نام پر کروڑوں کا قرضہ ہڑپ کر گیا۔ کاشتکاروں کی جانب سے واپس کی گئی رقم بینک میں جمع نہیں کرائی، کاشتکاروں کے قرضے کیلئے دوبارہ بینک جانے پر ڈیفالٹر ہونے کا پتہ چلا۔ تفصیلات کے مطابق سجاول ضلع کی لاڑ شوگر ملز نے ایگرو فارم کے نام سے سندھ بینک سے سینکڑوں کاشتکاروں کو فی کاشتکار پانچ لاکھ روپے کا قرضہ لیکر دیا۔ اور یہ رقم کاشتکاروں نے اومنی گروپ کی لاڑ شوگر ملز انتظامیہ کو واپس کر دی جس نے کروڑوں روپے کی رقم بینک میں جمع کرانے کے بجائے خود ہڑپ کر لی۔ اس سلسلے میں مقامی کاشتکاروں مقبول احمد اوٹھو، حنیف اوٹھو، احمد اوٹھو اور غلام مصطفی اوٹھو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2016 میں گنے کی فصل تیار کرنے کے لئے لاڑ شوگر مل انتظامیہ نے فی کاشتکار پانچ لاکھ روپے دلوائے جو ہم نے سال 2017 میں لاڑ مل انتظامیہ کو واپس کر دیئے تھے، جب اس سال ہم خود سندھ بینک سجاول سے قرضہ لینے گئے تو انہوں نے یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ آپ پہلے سے ڈیفالٹر ہو آپ نے لاڑ مل سے لیا قرضہ واپس نہیں کیا ہے، کاشتکاروں نے کہا کہ لاڑ شوگر مل انتظامیہ نے ہم سے فراڈ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جب لاڑ شوگر ملز انتظامیہ سے ان کا موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو کال ریسیو نہیں کی گئی۔ جبکہ کاشتکاروں نے فراڈ کی تحقیقات نہ کرنے کی صورت میں بڑے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More