راولپنڈی(فیض احمد)ملک ریاض اینٹی کرپشن سرکل کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے۔1170 کنال اراضی کیس میں ملک ریاض سے تفتیش مکمل کر لی گئی ،بحریہ ٹاوٴن کے چیف ایگزیکٹونے اپنا جواب جمع کروانے کے لئے مہلت مانگ لی ۔تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹائون کے چیف ایگزیکٹو1170کنال اراضی کے مقدمے میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ،اینٹی کرپشن کی جے آئی ٹی نے آدھا گھنٹہ تک تفتیش کی۔جے آئی ٹی نے ملک ریاض کو سوالنا مہ دے دیا جبکہ ملک ریاض نے انکوئری کمیٹی سے مہلت کی استدعا کردی۔انہیں دوبارہ 15 اکتوبر کو طلب کیاگیاہے۔سابق سیکرٹری وزیراعلیٰ ٰجی ایم سکندراور سابق سیکرٹری جنگلات جاوید مجید نے بھی جے آئی ٹی کی 4 رکنی ٹیم کواپنے بیانات ریکارڈ کرادیئے۔جے آئی ٹی میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی عارف رحیم،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد شفقت احمد ،اصغر علی چانڈیو اور مدثر فرید شامل ہیں۔جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پرملک ریاض کے ہمراہ حاجی نواز کھوکھر بھی تھے۔اس موقع پرصحافی نے ملک ریاض سے سوال کیا کہ کیا آپ کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے یاآپ نے واقعی جنگلات کی اراضی پر قبضہ کیا۔جس پر ملک ریاض نے جواب دیاکہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور میرا اللہ میرے ساتھ ہے۔وقت آنے پر اس کیس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دونگا۔