ہاکس بے صحافی سوسائٹی کی اراضی واگزار کرانے کیلئے ایکشن کمیٹی قائم
کراچی( پ ر) صحافی ہاوسنگ سوسائٹی ہاکس بے بلاک 2 میں صحافیوں کو الاٹ کیے گئے پلاٹوں پر نیوی کے کنٹرول سے متاثرہ صحافیوں کا اجلاس ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں ہو اجس میں صحافیوں کو الاٹ کی گئی زمین واگذار کرانے کی صورتحال پر غور ہوا۔ متاثرین نے اس امر پرتاسف کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے اس امر کی نشاندہی کے باوجود کہ ہاکس بے بلاک 2 صحافیوں کو حکومت سندھ نے الاٹ کیا تھا ، پاک بحریہ کے افسران اس زمین کو چھوڑنے سے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں ۔ اجلاس میں کراچی پریس کلب کے عہدے داروں پر بھی شدید تنقید کی گئی کہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی کارکردگی نشست و برخاست تک ہی محدود ہے ۔ جب بھی کراچی پریس کلب کے عہدے داروں سے اس بارے میں دریافت کیا جاتا ہے ، اس کے جواب میں وہ پاک بحریہ کے ساتھ ہونے ہونے والے اگلے اجلاس کی تاریخ بتا دیتے ہیں ۔ متاثرین نے فیصلہ کیا کہ اب اس معاملے کو کراچی پریس کلب کے اوپر چھوڑنے کے بجائے ایک ایکشن کمیٹی بنا کر اس معاملے کو خود اپنے ہاتھ میں لیا جائے ۔ صحافیوں کے پلاٹ پر قبضہ چھڑانے کے لیے اراکین سے رائے طلب کی گئی ہے تاکہ اس معاملے پر راست اقدام کیا جاسکے۔