عدلیہ مخالف بیانات پر فیصل رضا عابدی جیل منتقل

0

اسلام آباد (نمائندہ امت) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصرنے فیصل رضا عابدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔اسلام آباد پولیس نے عدلیہ اور چیف جسٹس کیخلاف توہین آمیز بیانات سے متعلق مقدمے میں گرفتار ملزم فیصل رضاعابدی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے فیصل رضاعابدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی۔ جج نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت میں مدعی اے ایس آئی نے بتایا کہ اس نے سوشل میڈیا پر فیصل رضا عابدی کی عدلیہ مخالف اور توہین آمیز ویڈیو دیکھ کر مقدمہ درج کیا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر ایف آئی آر کاٹنے پر جج سہیل ناصر حیران ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی ہورہی ہے کہ اسلام آباد پولیس اتنی ذمہ دار کیسے ہوگئی، ایک اے ایس آئی اتنا طاقتور ہوگیا؟، یہاں تو لوگ درخواستیں دے دے کر مر جاتے ہیں اور کوئی کارروائی نہیں ہوتی، سیون اے ٹی اے تو مذاق ہوگیا ہے، جس پر دل چاہا لگادیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ روز میڈیا پر عدلیہ کیخلاف جو کچھ ہورہا ہے وہ نظر نہیں آتا آپ کو، یہ کیا فلسفہ ہے کہ ایسے لوگوں کو اشتہاری قرار دیدیا جاتا ہے جو تقریریں بھی کررہے ہوتے ہیں، عمران خان اور طاہر القادری کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا، وہ تقریریں کرتے رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More