کراچی(امت نیوز) الیکشن کمیشن نے کراچی اور بنوں میں عمران خان کے انتخابی حلقوں سمیت خیبرپختون اور بلوچستان کے کئی مقامات پر پولنگ اسٹیشن ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کردیئے ،جس کے نتیجے میں مذکورہ مقامات پر پولنگ کی شرح متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں این اے 243 جہاں سے عمران خان انتخاب لڑ رہے ہیں کے متعدد پولنگ اسٹیشن انکم ٹیکس(ایف بی آر) کی بلڈنگ سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل تعلیم میں منتقل کئے گئے ہیں ۔ جن میں پولنگ اسٹیشن نمبر165 سے 170، 175 اور 176 شامل ہیں ۔جب کہ پی ایس 101 کے پولنگ اسٹیشن نمبر55 سے 60، 65اور66 بھی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل تعلیم میں منتقل کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ بنوں کے حلقہ این اے 35 سے بھی امیدوار ہیں ،جہاںضلعی ریٹرننگ افسران کی درخواست پر 4 پولنگ اسٹیشن تبدیل کئے گئے۔ پولنگ ا سٹیشن نمبر37 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گڑھی شیراحمد سے ویلج کونسل دفتر شیراحمد‘ پولنگ ا سٹیشن نمبر38 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کوٹکہ امام شام مْلاگان سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول وولن ملز بنوں‘ پولنگ سٹیشن نمبر45 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پیران داوٴدشاہ سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پیران خان بادشاہ اور پولنگ سٹیشن نمبر60 گورنمنٹ گر لزمڈل سکول ڈیری سیدان سے گورنمنٹ گرلزمڈل سکول ڈیری گانڈی منتقل کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں این اے 268 چاغی کم نوشکی و خاران اور پی بی 8 بارکھان کے بعض پولنگ اسٹیشن دوسری جگہ مننتقل کئے گئے۔قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 48 میں تحصیل بلڈنگ دتہ خیل میں قائم 2 پولنگ سٹیشن منتقل کرکے شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لئے بکا خیل کیمپ میں قائم کردیئے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع مہمند کے حلقہ این اے 42 میں ایک پولنگ سٹیشن بمقام گورنمنٹ پرائمری سکول گلستان چناری سے بنیادی صحت مرکز شیخ بابا منتقل کردیا گیا ہے۔ کوہاٹ سے ملحقہ قبائلی ضلع اورکزئی کے حلقہ این اے 47 میں پانچ پولنگ سٹیشنوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں ،جہاں گورنمنٹ ہائی سکول دڑادڑ مامازئی ‘گورنمنٹ پرائمری سکول کربوغہ مامازئی اور گورنمنٹ پرائمری سکول خواجہ حضر میں قائم4 پولنگ سٹیشنوں کو تبدیل کرکے گورنمنٹ ہائی سکول سیفل درہ منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول مینز گڑھی میں قائم پولنگ سٹیشن کواسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر آفس ہنگو منتقل کیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع جنوبی وزیرستان کے حلقہ این اے 49 اور50 میں بھی متعلقہ ضلعی ریٹرننگ افسر کی تجویز پر 10 پولنگ سٹیشنوں کے مقامات تبدیل کردئے گئے ہیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پشاور‘ مردان‘ سوات‘ ایبٹ آباد ‘ ہری پوراور بونیر اضلاع میں بھی متعدد پولنگ سٹیشنوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔